Ayats Found (2)
Surah 78 : Ayat 21
إِنَّ جَهَنَّمَ كَانَتْ مِرْصَادًا
درحقیقت جہنم ایک گھات ہے1
1 | گھات اس جگہ کو کہتے ہیں جو شکار کو پھانسنے کے لیے بنائی جاتی ہے تاکہ وہ بے خبری کی حالت میں آئے اور اچانک اس میں پھنس جائے۔ جہنم کے لیے یہ لفظ اس لیےاستعمال کیا گیا ہےکہ خدا کے باغی اس سے بے خوف ہو کر دنیا میں یہ سمجھتے ہوئےاچھل کود کرتے پھر رہے ہیں کہ خدا کی خدائی ان کے لیے ایک کھلی آماجگاہ ہے، اور یہاں کسی پکڑ کا خطرہ نہیں ہے، لیکن جہنم ان کے لیے ایک ایسی چھپی ہوئی گھات ہے جس میں وہ یکایک پھنسیں گےاور بس پھنس کر ہی رہی جائیں گے |
Surah 78 : Ayat 23
لَّـٰبِثِينَ فِيهَآ أَحْقَابًا
جس میں وہ مدتوں پڑے رہیں1 گے
1 | اصل میں لفظ احقاب استعمال کیا گیا ہے جس کے معنی ہیں پے درپے آنے والے طویل زمانے، ایسے مسلسل ادوار کہ ایک دور ختم ہوتے ہی دوسرا دور شروع ہو جائے۔ اس لفظ سے بعض لوگوں نے یہ استدلال کرنے کی کوشش کی ہے کہ جنت کی زندگی میں تو ہمیشگی ہو گی مگر جہنم میں ہمیشگی نہیں ہو گی، کیونکہ یہ مدتیں خواہ کتنی ہی طویل ہوں، بہرحال جب مدتوں کا لفظ استعمال کیا گیا ہے تو اس سے یہی متصور ہوتا ہے کہ وہ لا متناہی نہ ہوں گی بلکہ کبھی نہ کبھی جا کر ختم ہو جائیں گی۔ لیکن یہ استدلال دو وجوہ سے غلط ہے۔ ایک یہ کہ عربی لغت کے لحاظ سے حقب کے لفظ ہی میں یہ مفہوم شامل ہے کہ ایک حقب کے پیچھے دوسرا حقب ہو، اس لیے احقاب لازماً ایسے ادوار ہی کے لیے بولا جائے گا جو پے درپے ایک دوسرے کے بعد آتےچلے جائیں اور کوئی دور بھی ایسا نہ ہو جس کے پیچھے دوسرا دور نہ آئے۔ دوسرے یہ کہ کسی موضوع کے متعلق قرآن مجید کی کسی آیت سے کوئی ایسا مفہوم لینا اصولاً غلط ہے جو اسی موضوع کے بارے میں قرآن کے دوسرے بیانات سے متصادم ہوتا ہو۔ قرآن میں 34 مقامات پر اہل جہنم کے لیے خلود (ہمیشگی) کا لفظ استعمال کیا گیا ہے، تین جگہ صرف لفظ خلود ہی پر اکتفا نہیں کیا گیا ہے بلکہ اس پر ابداً )ہمیشہ ہمیشہ) کا بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور ایک جگہ صاف صاف ارشاد ہوا ہے کہ ’’وہ چاہیں گے کہ جہنم سے نکل جائیں، مگروہ اس سے ہرگز نکلنے والے نہیں ہیں اوران کے لیے قائم رہنے والے عذاب ہے‘‘۔ (المائدہ، آیت 37)۔ ایک دوسری جگہ فرمایا گیا ہے کہ ’’اسی حالت میں وہ ہمیشہ رہیں گے جب تک کہ زمین و آسمان قائم ہیں الا یہ کہ تیرا رب کچھ اور چاہے‘‘۔ اور یہی بات اہل جنت کے متعلق بھی فرمائی گئی ہے کہ ’’جنت میں ہمیشہ رہیں گے جب تک زمین و آسمان قائم ہیں الا یہ کہ تیرا رب کچھ اور چاہے‘‘۔ (ہود، 107۔108)۔ ان تصریحات کے بعد لفظ احقاب کی بنیاد پر یہ کہنے کی کیا گنجائش باقی رہ جاتی ہے کہ جہنم میں خدا کے باغیوں کا قیام دائمی نہیں ہو گا بلکہ کبھی نہ کبھی ختم ہو جائے گا |