Ayats Found (3)
Surah 21 : Ayat 82
وَمِنَ ٱلشَّيَـٰطِينِ مَن يَغُوصُونَ لَهُۥ وَيَعْمَلُونَ عَمَلاً دُونَ ذَٲلِكَۖ وَكُنَّا لَهُمْ حَـٰفِظِينَ
اور شیاطین میں سے ہم نے ایسے بہت سوں کو اس کا تابع بنا دیا تھا جو اس کے لیے غوطے لگاتے اور اس کے سوا دُوسرے کام کرتے تھے ان سب کے نگران ہم ہی تھے1
1 | سورہ سَبَا میں اس کی تفصیل یہ آئی ہے : وَمِنَ الْجِنِّ مَنْ یَّعْمَلُ بَیْنَ یَدَیْہِ بِاِ ذْنِ رَبِّہٖ وَمَنْ یَّزِغُ مِنْھُمْ عَنْ اَمْرِنَا نُذِقْہُ مِنْ عَذَابِ السَّعِیْرِ ۔ ہ ۔ یَعْمَلُوْنَ لَہٗ مَا یَشَآ ءُ مِنْ مَّحَارِیْبَ وَ تَمَاثِیْلَ وَجِفَانٍ کَالْجَوَابِ وَقُدُوْرٍ رَّ اسِیَاتٍ .................... فَلَمَّا قَضَیْنَا عَلَیْہِ الْمَوْتَ مَا دَ لَّہُمْ عَلٰ مَوْتِہٖٓ اِلَّا دَآبَّۃُ الْاَرْضِ تَاْ کَلُ مِنْسَاَتَہٗ فَلَمَّا خَرَّ تَبَیَّتِ الْجِنُّ اَنْ لَّوْ کَا نُوْ ا یَعْلَمُوْ نَ الْغَیْبَ مَلَبِثُوْ ا فِی الْعَذَابِ الْمُھِیْنِ ’’ اور جنوں میں سے ایسے جن ہم نے اس کے لیے مسخر کر دیے تھے جو اس کے رب کے حکم سے اس کے آگے کام کرتے تھے ، اور جو ہمارے حکم سے کوئی ان میں سے انحراف کر تا تو ہم اس کو بھڑکتی ہوئی آگ کا مزا چکھاتے ۔ وہ اس کے لیے جیسے وہ چاہتا قصر اور مجسمے اور حوض جیسے بڑے بڑے لگن اور بھاری جمی ہوئی دیگیں بناتے تھے ......................... پھر جب ہم نے سلیمان کو وفات دے دی تو ان جنوں کو اس کی موت پر مطلع کرنے والی کوئی چیز نہ تھی مگر زمین کا کیڑا (یعنی گھن) جو اس کے عصا کو کھا رہا تھا ۔ پس جب وہ گر پڑا تو جنوں کو پتہ چل گیا کہ اگر وہ واقعی غیب داں ہوتے تو اس ذلت کے عذاب میں اتنی مدت تک مبتلا نہ رہتے ‘‘۔ اس آیت سے یہ بات بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ جو شیاطین حضرت سلیمان کے لیے مسخر ہوئے تھے ، اور جو ان کے لیے مختلف خدمات انجام دیتے تھے ، وہ جن تھے ، اور جن بھی جن جن کے بارے میں مشرکین عرب کا یہ عقیدہ تھا، اور جو خود اپنے بارے میں بھی یہ غلط فہمی رکھتے تھے کہ ان کو علم غیب حاصل ہے ۔ اب ہر شخص جو قرآن مجید کو آنکھیں کھول کر پڑھے ، اور اس کو اپنے تعصبات اور پیشگی قائم کیے ہوۓ نظریات کا تابع بناۓ بغیر پڑھے ، یہ خود دیکھ سکتا ہے کہ جہاں قرآن مطلق ’’ شیطان ‘‘ اور ’’جن ‘‘کے الفاظ استعمال کرتا ہے وہاں اس کی مراد کونسی مخلوق ہوتی ہے ، اور قرآن کی رو سے وہ کون سے جِن ہیں جن کو مشرکین عرب عالم الغیب سمجھتے تھے ۔ جدید زمانے کے مفسرین یہ ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیتے ہیں کہ وہ جن اور شیاطین جو حضرت سلیمان کے لیے مسخر کیے گئے تھے ، انسان تھے اور آس پاس کی قوموں میں سے فراہم ہوئے تھے ۔ لیکن صرف یہی نہیں کہ قرآن کے الفاظ میں ان کی اس تاویل کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے ، بلکہ قرآن میں جہا ں جہاں بھی یہ قصہ آیا ہے وہاں کا سیاق و سباق اور انداز بیان اس تاویل کو راہ دینے صاف انکار کرتا ہے ۔ حضرت سلیمان کے لیے عمارتیں بنانے والے اگر انسان ہی تھے تو آخر یہ ان ہی کی کونسی خصوصیت تھی جس کو اس شان سے قرآن مجید میں بیان کیا گیا ہے ۔ اہرام مصری سے لے کر نیویارک کی فلک شگاف عمارتوں تک کس چیز کو انسان نے نہیں بنایا ہے اور کس بادشاہ یا رئیس یا ملک التجار کے لیے وہ ’’جن‘‘ اور ’’ شیاطین‘‘ فراہم نہیں ہوۓ جو آپ حضرت سلیمان کے لیے فراہم کر رہے ہیں ؟ |
Surah 38 : Ayat 37
وَٱلشَّيَـٰطِينَ كُلَّ بَنَّآءٍ وَغَوَّاصٍ
اور شیاطین کو مسخر کر دیا، ہر طرح کے معمار اور غوطہ خور
Surah 38 : Ayat 38
وَءَاخَرِينَ مُقَرَّنِينَ فِى ٱلْأَصْفَادِ
اور دوسرے جو پابند سلاسل تھے1
1 | تشریح کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن جلد سوم، صفحہ 176۔178۔562۔563۔ 566۔568۔ 575۔576۔ شیاطین سے مراد جِن ہیں۔ اور ’’پابند سلاسل شیاطین‘‘ سے مراد وہ خدمت گار شیاطین ہیں جنہیں شرارت کی پاداش میں مقید کر دیا جاتا تھا۔ ضروری نہیں ہے کہ وہ بیڑیاں اور زنجیریں جن سے یہ شیاطین باندھے جاتے تھے،لوہے کی ہی بنی ہوئی ہوں اور قیدی انسانوں کی طرح وہ بھی لوگوں کو علانیہ بندھے ہوئے نظر آتے ہوں۔ بہرحال انہیں کسی ایسے طریقہ سے مقید کیا جاتا تھا جس سے وہ بھاگنے اور شرارت کرنے پر قادر نہ رہتے تھے۔ |