Ayats Found (2)
Surah 71 : Ayat 11
يُرْسِلِ ٱلسَّمَآءَ عَلَيْكُم مِّدْرَارًا
وہ تم پر آسمان سے خوب بارشیں برسائے گا
Surah 71 : Ayat 12
وَيُمْدِدْكُم بِأَمْوَٲلٍ وَبَنِينَ وَيَجْعَل لَّكُمْ جَنَّـٰتٍ وَيَجْعَل لَّكُمْ أَنْهَـٰرًا
تمہیں مال اور اولاد سے نوازے گا، تمہارے لیے باغ پیدا کرے گا اور تمہارے لیے نہریں جاری کر دے گا1
1 | یہ بات قرآن مجید میں متعدد مقامات پر بیان کی گئی ہے کہ خدا سے بغاوت کی روش صرف آخرت ہی میں نہیں ، دنیا میں بھی انسان کی زندگی کو تنگ کر دیتی ہے، اور اس کے برعکس اگر کوئی قوم نافرمانی کے بجائے ایمان و تقوی اور احکام الہی کی اطاعت کا طریقہ اختیار کر لے تو یہ آخرت ہی میں نافع نہیں ہے بلکہ دنیا میں بھی اس پر نعمتوں کی بارش ہونے لگتی ہے۔ سورہ طٰہٰ میں ارشاد ہوا ہے ’’اور جو میرے ذکر سے منہ موڑے گا اس کے لیے دنیا میں تنگ زندگی ہو گی اور قیامت کے روز ہم اسے اندھا اٹھائیں گے‘‘۔ (آیت 124) ۔ سورۃ مائدہ میں فرمایا گیا ہے ’’ اور اگر ان اہل کتاب نے توراۃ اور انجیل اور ان دوسری کتابوں کو قائم کیا ہوتا جو ان کے رب کی طرف سے ان کے پاس بھیجی گئی تھیں تو ان کے لیے اوپر سے رزق برستا اور نیچے سے ابلتا‘‘ (آیت 66) سورہ اعراف میں فرمایا ’’اور اگر بستیوں کے لوگ ایمان لاتے اور تقوی کی روش اختیار کرتے ہم ان پر آسمان اور زمین سے برکتوں کے دروازے کھول دیتے‘‘۔ (آیت 96)۔ سورہ ہود میں ہے کہ حضرت ہودؑ نے اپنی قوم کو خطاب کر کے فرمایا ’’اور اے میری قوم کے لوگو ، اپنے رب سے معافی چاہو، پھر اس کی طرف پلٹو، وہ تم پر آسمان سے خوب بارشیں برسائے گا ا ور تمہاری موجدہ قوت پر مزید قوت کا اضافہ کرے گا‘‘ (آیت 52)۔ خود نبی ﷺ کے ذریعہ سے بھی اسی سورہ میں اہل مکہ کو مخاطب کر کے یہ بات فرمائی گئی ’’ اور یہ کہ اپنے رب سے معافی چاہو ، پھر اس کی طرف پلٹ آؤ تو وہ ایک مقرر وقت تک تم کو اچھا سامان زندگی دے گا‘‘۔ (آیت 3)۔ حدیث میں آتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے قریش کے لوگوں سے فرمایا کہ ’’ ایک کلمہ ہے جس کے تم قائل ہو جاؤ تو عرب وعجم کے فرما نروا ہو جاؤ گے‘‘۔ تشریح کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن جلد اول ، المائدہ ، حاشیہ 96۔ جلد دوم، حواشی 3 ، 57۔ جلد سوم ، طٰہٰ ، حاشیہ 105۔ جلد چہارم۔ دیباچہ سورہ ص)۔ قرآن مجید کی اسی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ایک مرتبہ قحط کے موقع پر حضرت عمرؓ بارش کی دعا کرنے کے لیے نکلے اور صرف استغفار پر اکتفا فرمایا۔ لوگوں نے عرض کیا، امیر المومنین آپ نے بارش کے لیے تو دعا کی ہی نہیں۔ فرمایا ، میں نے آسمان کے ان دروازوں کو کھٹکھٹا دیا ہے جہاں سے بارش نازل ہوتی ہے، اور پھر سورۃ نوحؑ کی یہ آیات لوگوں کو پڑھ کر سنا دیں (ابن جریر و ابن کثیر)۔ اسی طرح ایک مرتبہ حضرت حسن بصری کی مجلس میں ایک شخص نے خشک سالی کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ا للہ سے استغفار کرو۔ دوسرے شخص نے تنگ دستی کی شکایت کی ، تیسرے نے کہا میرے ہاں ا ولاد نہیں ہوتی، چوتھے نے کہا میری زمین کی پیداوار کم ہو رہی ہے۔ ہر ایک کو وہ یہی جواب دیتے چلے گئے کہ ا ستغفار کرو۔ لوگوں نے کہا یہ کیا معاملہ ہے کہ آپ سب کو مختلف شکایتوں کا ا یک ہی علاج بتا رہ ہیں؟ انہوں نے جواب میں سورہ نوحؑ کی یہ آیات سنا دیں (کشاف) |